i پاکستان

مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہو گا،ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکانتازترین

August 12, 2025

ملک میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج 13 اگست سے شروع ہو گا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد ، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش و بونداباندی کی توقع ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریائوں میں طغیانی کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی ڈیم سے پانی کے اخراج اور بارشوں کے سبب دریائے چناب میں مرالہ،خانکی ،قادرآباد بیراج پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے ۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور نے الرٹ جاری کر دیا ۔ محکمہ موسمیات کے فلڈفورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ دریائے چناب اور راوی کے ملحقہ نالوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے بعد فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے تمام متعلقہ محکموں کو حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ادھر پی ڈی ایم اے نے کمشنر گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن کے علاوہ محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔

بھارتی آبی جارحیت کے باعث دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پرنچلے درجے کاسیلاب ہے،جس کے بعد پانی کا بہائو 51 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والاکے مقام پرپانی کی سطح18فٹ سے کراس کرگئی،سیلاب کے پانی میں مکئی، چاول، جوار، سمیت دیگرفصلیں ڈوبنے کاخطرہ ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ نواحی گائوں مستیکی،بھکی ونڈ، مبوکے،فتی والا،فتوحی والا میں سیلاب کاخطرہ ہے،ریسکیو1122نے مقامی افرادکو ریسکیو کرنے کیلئے بوٹ سروس شروع کردی،ضلعی انتظامیہ کاکہنا ہیکہ ریسکیو، پولیس، محکمہ آبپاشی سمیت دیگر محکموں کوہائی الرٹ کردیا،تلوار پوسٹ پر امدادی کیمپس لگا دئیے گئے ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے آئندہ دو روز میں دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔پی ڈی ایم اے، محکمہ آبپاشی اور ارسا مشترکہ طور پر 24 گھنٹے دریاں اور ڈیمز کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح عارضی طور پر معمول پر آ چکی ہے تاہم دریائے ستلج میں دوبارہ پانی کے بہا ئومیں اضافے کا خدشہ برقرار ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریائی علاقوں میں احتیاط برتیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔ دریں اثناء لاہور میں منگل کو ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، ڈیوس روڈ، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، اسلامپورہ، چوبرجی، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، مسلم ٹان، گلبرگ، گلشن راوی اور کاہنہ میں بونداباندی ریکارڈ کی گئی۔بارش کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہوا نے حبس کی شدت کو کم کر دیا جس سے شہریوں نے سکون کا سانس لیا، گرمی اور گھٹن سے پریشان عوام نے بارش کو قدرت کا انعام قراردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی