خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے دو آبہ میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے قلعے پر فتنة الخوارج کے حملے میں 3 اہلکار شہید اور 17 زخمی ہو گئے جبکہ خارجیوں کیخلاف بھرپور جوابی کارروائی میں سہولت کار سمیت 5 خارجی ہلاک ہوگئے ۔۔ایس پی آپریشنز اسد زبیر کے مطابق دوآبہ کے علاقے طورہ وڑی میں فیڈرل کانسٹیبلری قلعے پر حملہ کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 جوان شہید اور 17 زخمی ہوئے۔ ڈی پی او کے مطابق خارجیوں کیخلاف بھرپور جوابی کارروائی میں سہولت کار سمیت 5 خارجی ہلاک ہوگئے، سہولت کار دہشت گردوں کے ساتھ ملا ہوا تھا، طوری وڑی میں پولیس اور ایف سی کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ایس پی اسد زبیر کا کہنا ہے کہ زخمی اہل کاروں کو دوآبہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نے فتن الخوارج کے حملے میں شہید فیڈرل ریزرو پولیس کے 3 جوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے واضح کیا کہ بہادرجوانوں نے جان دے کر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا، شہید جوانوں کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے سرچ اینڈ اسٹرائک آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈی پی او نذیر خان نے کہا کہ پولیس نے دہشتگردوں کیخلاف ضلع بھر میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران مختلف تھانوں کی حدود سے متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ڈی پی او نذیر خان کے مطابق آپریشن دہشتگردوں، سہولت کاروں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کیا گیا، مشتبہ افراد کی سی آر وی سی سسٹم سے ویری فکیشن کی گئی۔
ڈی پی او نذیر خان نے بتایا کہ آپریشن میں سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، البرق، بی ڈی یو، آر آر ایف، ڈی ایس بی نے حصہ لیا، ضلع بھر میں آپریشنز تسلسل سے جاری رہیں گے۔ادھر جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں دفعہ 144 کے تحت نقل وحرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی سیکیورٹی خدشات اور فورسز کے سامان کی ترسیل کے باعث لگائی گئی ہے، تحصیل برمل میں پابندی کا نفاذ صبح 6 بجے سے شام 7 بجے رہا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق راغزئی بازار سمیت دیگر تمام مارکیٹس بند رہیںگی ۔ پابندی کے تحت انگور اڈا، زم چینہ، خامرنگ، رغزئی، شولام تا وانا روٹ پر سفر کرنا ممنوع قراردیا گیا تھا۔محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق صرف ایمرجنسی کی صورت میں سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے سفر کیا جا سکے گا۔نوٹیفکیشن میں شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھ کر اپنی گاڑی کو 100 میٹر فاصلے پر روکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی