i پاکستان

ننھے یوٹیوبرز شیراز اور مسکان نے گائوں کے خستہ حال اسکول کو جدید تعلیمی ادارے میں بدل دیاتازترین

September 11, 2025

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے مشہور ترین ننھے یوٹیوبرز محمد شیراز اور مسکان نے سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدنی کو مثبت مقصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے اپنے گائوں کے پرانے، خستہ حال اسکول کو جدید تعلیمی ادارے میں تبدیل کر دیا ہے۔شیراز کے والد نے کچھ عرصہ قبل ایک ویڈیو کے ذریعے اسکول کی خراب حالت دکھائی تھی، جہاں بچے کھلے آسمان تلے بغیر میز اور کرسی کے سیڑھیوں پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور تھے۔اسکول کے ان طالب علموں کے پاس نہ مناسب لباس تھا، نہ جوتے، اور نہ ہی بنیادی سہولیات دستیاب تھیں اور یہ بچے موسم کی سختیاں برداشت کرتے ہوئے تعلیم کیلئے کھلے آسمان تلے پڑھنے پر مجبور تھے۔تاہم اب شیرازی فیملی نے یوٹیوب سے حاصل ہونے والی کمائی سے گائوں میں ایک نیا اسکول تعمیر کیا ہے، جس میں کشادہ کلاس رومز، معیاری تعلیمی سہولیات، تفریحی سہولیا اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔حال ہی میں جاری کی گئی ایک ویڈیو میں شیراز نے پیغام دیا کہ یوٹیوبرز اگر محنت اور نیک نیتی سے کام کریں تو وہ اپنی آمدنی سے معاشرے کی خدمت کر سکتے ہیں۔سوشل میڈیا پر ننھے شیراز اور مسکان کے اس اقدام کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور ان کے والدین کو بھی خوب سراہا جارہا ہے۔ صارفین نے تبصروں میں اس خاندان کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی