i پاکستان

وائلڈ لائف پنجاب کا سیلاب سے جانوروں کو ریسکو کرنے کیلئے ہنگامی آپریشن کا آغاز،ویٹرنری کیمپس قائم، زخمی جانوروں کا علاج جاریتازترین

August 30, 2025

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ وائلڈ لائف نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں جانوروں کو بچانے کیلئے ہنگامی آپریشن شروع کردیا۔اس مقصد کیلئے ریسکیو ٹیموں کو خصوصی ایمبولینسز اور ویٹرنری ڈاکٹرز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں ویٹرنری کیمپس قائم کرکے زخمی جانوروں کا علاج کیا جا رہا ہے۔سیلاب کی بے رحم موجوں کے ساتھ سرحد پار سے بے زبان ہرن بھی بہہ کر پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئے جنہیں وائلڈ لائف رینجرز نے بروقت ریسکیو کر کے نئی زندگی دے دی۔وائلڈلائف رینجرز پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سید کامران بخاری نے بتایا کہ سیالکوٹ میں 26 اگست کو سیلابی پانی کے ساتھ بہہ کر آنے والے ہرن کے جوڑے کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔نارووال میں زخمی اور حاملہ مادہ ہرن کو بروقت طبی امداد دی گئی۔

شکرگڑھ میں ایک کم عمر نر ہرن کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا جبکہ مریدکے، وزیرآباد اور منڈی بہاالدین میں مزید چار ہرن مختلف کارروائیوں کے دوران ریسکیو کیے گئے۔ اب تک کل سات ہرنوں کو کامیابی سے بچایا جا چکا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جانوروں کی زندگیاں بھی اتنی ہی قیمتی ہیں جتنی انسانی جانیں۔ سیلاب میں سب سے زیادہ متاثر جنگلی حیات ہوتی ہے، ان کی حفاظت حکومت پنجاب کی اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے۔ماہرین کے مطابق پنجاب میں حالیہ سیلاب نے نہ صرف کھیتوں اور گھروں کو متاثر کیا بلکہ جنگلی حیات کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔جنگلوں اور دریاں کے کنارے بسنے والے جانور اپنے مسکن کھو بیٹھے ہیں، کئی خوراک اور پناہ کی کمی کا شکار ہیں۔ اگر ان کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ہرن سمیت کئی نایاب نسلیں ختم ہونے کے خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی