i پاکستان

وزارتِ اقتصادی امور کا ایکس اکائو نٹ ہیک کرلیا گیاتازترین

May 09, 2025

وزارتِ اقتصادی امور کا سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر موجود سرکاری اکائونٹ گزشتہ رات ہیک کر لیا گیا۔ وزارت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اکائونٹ پر کی جانے والی حالیہ سرگرمیوں کا وزارت سے کوئی تعلق نہیں۔ترجمان وزارت اقتصادی امور کے مطابق ہیکر کی جانب سے اکائونٹ سے پاک بھارت کشیدگی سے متعلق ایک متنازع پوسٹ کی گئی ہے جو وزارت کی پالیسی، یا موقف کی عکاسی نہیں کرتی۔ترجمان نے واضح کیا کہ اس وقت ایکس پر وزارت کی جانب سے کوئی مستند پوسٹ موجود نہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی کسی بھی معلومات پر یقین نہ کریں جب تک کہ باضابطہ اعلان نہ کیا جائے۔وزارت کی جانب سے متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ایکس انتظامیہ سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ اکائونٹ کو بحال اور محفوظ بنایا جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ ہیکنگ کی اس کارروائی کا مقصد انتشار پھیلانا اور غلط فہمیاں پیدا کرنا ہو سکتا ہے، جس کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم الرٹ بھارتی سائبر حملوں کے خطرے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی۔نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم الرٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صارفین مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں، غیر تصدیق شدہ پیغامات، ای میلز یا سوشل میڈیا لنکس نہ کلک کریں تاکہ ہیکرز سے محفوظ رہ سکیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان پر سائبر حملوں سے متعلق غیر مصدقہ معلومات یا افواہیں شیئر نہ کریں، صرف معتبر ذرائع پر اعتماد کریں، سرکاری یا معتبر چینلز سے اپ ڈیٹس حاصل کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی