i پاکستان

وزیر تجارت جام کمال خان سے یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی کی ملاقات، تجارتی و اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاقتازترین

December 12, 2025

پاکستان اور یمن نے تجارتی و اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفا ق کیا ہے ۔وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ادارہ جاتی تعاون کے فروغ اور رابطہ سازی بڑھانے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔یمنی سفیر نے پاکستان اور یمن کے درمیان تعلقات اور تجارتی روابط کو مزیدآگے بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریبا تین سو یمنی طلبہ پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔یمنی سفیر نے دوطرفہ معاہدوں کو فعال کرنے اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال نے خطے کے قریبی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا۔ ملاقات میں چھوٹے جہازوں اور فیری پر مبنی کم لاگت شپنگ سروسز کے آغاز پر بھی غور کیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی