i پاکستان

وزیراعلی بلوچستان اور برطانوی ہائی کمشنر میں سی ٹی ڈی کی استعداد بڑھانے پر اتفاقتازترین

August 22, 2025

وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے جس میں سی ٹی ڈی پولیس کی استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔سرفراز بگٹی اور جین میریٹ کی ملاقات میں دو طرفہ تعاون، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، گڈ گورننس، امن و امان کی بہتری، تعلیم و صحت کے شعبوں میں اصلاحات اور صوبے کی ترقیاتی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک غیر معمولی چیلنج ہے اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بلوچستان میں پہلا کلائمٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ گورننس کی بہتری اور شفافیت کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران غیر ترقیاتی بجٹ سے 14 ارب روپے کی بچت کی گئی۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے گڈ گورننس کے قیام اور صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا، ملاقات میں سی ٹی ڈی پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے تربیت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی