i پاکستان

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ’’مناسب شخص کو مناسب ذمہ داری ‘‘ تفویض کرنے کے بنیادی اصولتازترین

August 25, 2025

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ’’مناسب شخص کو مناسب ذمہ داری ‘‘ تفویض کرنے کے بنیادی اصول پر عمل کرتے ہوئے اکتوبر 2022 میں ایڈوکیٹ سپریم کورٹ شاہد محمود کھوکھر کو چیئرمین عملدرآمدی ٹریبونل برائے اخباری کارکنان (آئی ٹی این ای) مقرر کیا۔ شاہد محمود کھوکھر کو یہ منصب ان کی درخشاں پیشہ ورانہ ساکھ اور اپنے فریضے سے بے لوث وابستگی کے اعتراف میں دیا گیا۔ شاہد محمود کھوکھر نے بطور چیئرمین آئی ٹی این ای قانونی شعبے سے اپنی وابستگی اور انصاف کے حصول کے لئے اپنی انتھک محنت اور عزم کی بہترین مثال قائم کی۔ محض 3 برس کے قلیل عرصے میں چیئرمین آئی ٹی این ای نے یہ ثابت کیا کہ جہاں عزم ہو وہاں راستہ نکل ہی آتا ہے۔ انہوں نے اس یقین کو مضبوطی سے تھاما کہ مقدمات کا بروقت فیصلہ کرنا معاشرے کے پسماندہ طبقے، بالخصوص ریاست کے چوتھے ستون کہلائے جانے والے پرنٹ میڈیا کے اخباری کارکنان کو مالی ریلیف فراہم کرنے کا بنیادی ذریعہ ہے۔

اپنی مدت تعیناتی کے دوران چیئرمین آئی ٹی این ای نے نہ صرف 500 سے زائد مقدمات کے فیصلے کرکے ان پر عملدرآمد کیا بلکہ اخباری کارکنان کو 731 ملین روپے سے زائد کے واجبات بھی دلوائے، جو پرنٹ میڈیا اور ہمارے عدالتی نظام کی تاریخ میں ایک بے مثال کارکردگی ہے۔ شاہد محمود کھوکھر کے اس کلیدی کردار نے یہ یقینی بنایا کہ انصاف ایسا ہو کہ نظر آئے۔ ان کے دیے گئے سینکڑوں فیصلوں کو ملکی اعلیٰ عدالتوں نے برقرار رکھا، جو ان کی قانونی بصیرت کا بھرپور اعتراف ہے۔ شاہد محمود کھوکھر کی بطور چیئرمین آئی ٹی این ای 3 سالہ مدت 13 اکتوبر 2025 کو پوری ہورہی ہے۔ مینجمنٹ پے اسکیل پالیسی کے تحت اس تعیناتی میں مزید 2 سال کی توسیع کی گنجائش موجود ہے۔ ملکی سطح پر اخباری کارکنان کو ریلیف کی فراہمی کے تسلسل اور نظام کی بلا تعطل کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ چیئرمین آئی ٹی این ای کی مدت ملازمت میں توسیع کی جائے تاکہ انصاف، مساوات اور اصولی شفافیت کے وسیع تر مفاد میں یہ سلسلہ جاری رہ سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی