فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کا تحفظ، قومی سالمیت اور ہر پاکستانی شہری کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے ،اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، معرکہ حق میں افواج پاکستان کے عزم نے پاکستان کا عالمی وقار بڑھایا، ہماری بڑی طاقت قومی وحدت ہے، دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے، بیرونی حمایت یافتہ شدت پسندی، پروپیگنڈے کی جنگ کے باوجود مسلح افواج پرعزم ہیں ،خوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگ ضروری ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ27 کے شرکا ء نے بدھ کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا،جی ایچ کیو میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کو ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا یہ اہم تربیتی پروگرام NSW27 ارکانِ پارلیمان، سینئر سول و عسکری افسران، ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے تاکہ قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر جامع آگاہی فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے قوم کے اتحاد کو پاکستان کی اصل قوت قرار دینے کے عزم کا اظہار کیا، دورے میں انہیں پاکستان کے علاقائی و داخلی سیکیورٹی ماحول اور مجموعی قومی سلامتی کی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔
شرکا نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل (نشان امتیاز، ملٹری) سید عاصم منیر سے خصوصی نشست میں تبادلہ خیال بھی کیا، آرمی چیف نے خطے کے تبدیل ہوتے سیکیورٹی ماحول ،بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی مسابقت، سرحد پار دہشت گردی اور ہائبرڈ خطرات سے تشکیل پانے والے متغیر علاقائی ماحول پر روشنی ڈالی۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشمکش، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ جنگ جیسے چیلنجز نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور معلوماتی جنگ کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج، انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایک باوقار ملک ہے اور عالمی برادری میں اسے اس کا جائز مقام ضرور حاصل ہوگا۔ "معرکہ حق" کے دوران پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم نے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی قوت قومی اتحاد ہے اور ہم اسی اتحاد کے ساتھ دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے، انشا اللہ۔شرکا کو ملک میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں اسمگلنگ، منشیات کی ترسیل اور منظم جرائم کے نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈائون شامل ہے، بریفنگ میں سرحدی انتظام بہتر بنانے اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے اقدامات پر تازہ پیش رفت بھی شیئر کی گئی۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کا تحفظ، قومی سالمیت اور ہر پاکستانی شہری کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگ قومی کوششیں انتہائی ضروری ہیں۔ سیشن کے اختتام پر چیف آف آرمی اسٹاف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی معاونت کیلئے پاکستان آرمی کی وابستگی کو دوبارہ دہرایا، اور کہا کہ مربوط قومی اقدامات اور ادارہ جاتی ہم آہنگی دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جو پارلیمنٹیرینز، سینئر سول اور ملٹری افسران، اکیڈمیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو اکٹھا کرتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی