نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ بھارت خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے، پاکستان کسی صورت پہلا قدم نہیں اٹھائے گا لیکن جارحیت مسلط کی گئی توپورے قومی عزم اور طاقت سے جواب دیں گے، بھارت دنیا کو بے وقوف نہ بنائے، پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کیا گیا، پہلگام ڈارمے کا مقصد بھارت میں جاری تحریکوں سے توجہ ہٹانا تھا، سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل یا ختم کرنے کا مجاز نہیں۔ اسلام آباد منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا دنیا اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے، خصوصا ہمارے خطے کو اس وقت سنگین صورتحال کا سامنا ہے، امن و خوشحالی ہم سب کا مشترکہ ہدف ہونا چاہیے۔نائب وزیر اعظم نے کہا پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا داعی رہا ہے، ہم نے ہمیشہ جارحیت کے خلاف آواز اٹھائی ہے، پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کیا گیا، پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا مقصد بھارت میں جاری آزادی کی تحریکوں سے توجہ ہٹانا ہے، کئی بھارت ریاستوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، بھارت خطے میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرات میں ڈال رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چند دنوں کے دوران مختلف ممالک کی قیادت سے خطے کی صورتحال پر گفتگو کی ہے، وزارت خارجہ میں مختلف ممالک کے سفیروں اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کو بریفنگ دی گئی۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا بھارتی پابندیوں کے بعد قومی سلامتی کمیٹی نے اہم فیصلے کیے، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کیا گیا، سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے
بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل یا ختم کرنے کا مجاز نہیں، بھارت خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کے اقدامات کا اسی زبان میں جواب دیا، پاکستان خطے میں امن کے لیے پرعزم ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا پہلگام فالس فلیگ آپریشن بھارت کا رچایا ہوا ڈراما ہے، عالمی رہنمائوں نے پاکستان کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی، ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرنا ہماری پالیسی ہے، تاہم پہلگام فالس فلیگ کے دس منٹ کے اندر مقدمے کا اندراج سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں جارحیت کا بھر پور جواب دینے کا فیصلہ ہوا، خطے میں صورتحال تبدیل ہو رہی ہے لیکن پاکستان کسی بھی صورتحال میں پہلا قدم نہیں اٹھائیگا، اگر جارحیت مسلط کی گئی تو پورے قومی عزم اور طاقت کے ساتھ بھرپور جواب دیں گے۔ان کا کہنا تھا بھارتی فضائیہ کی مہم جوئی کے عزائم کو ہم نے لمحوں میں ناکام بنایا، پاکستان کبھی بھی کسی کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا، عالمی برادری خطے کی صورتحال پر فوری نوٹس لے۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا اقوام متحدہ مقبوضہ علاقوں پر حق خودارادیت کے بارے میں واضح قرار دادیں منظور کر چکی، مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں، مسئلہ کشمیر کو کسی صورت بھی پس پشت نہیں ڈالا جائیگا، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی