پاکستان ریلوے نے کراچی سے لاہور کے درمیان تیز رفتار بلٹ ٹرین چلانے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا ہے کہ پاکستان ریلوے سال 2030 تک کراچی سے لاہور کے درمیان تیز رفتار بلٹ ٹرین چلانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حنیف عباسی نے بتایا کہ 1215 کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ ریل لائن سی پیک منصوبے کے تحت 6.8 ارب ڈالر کی لاگت سے اپ گریڈ ہونے والی کراچی سے پشاور مین لائن ون ( ML-1) کا حصہ ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق کراچی سے لاہور کے درمیان چلنے والی یہ ٹرین 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرے گی جب کہ حیدرآباد، ملتان اور ساہیوال میں اس ٹرین کے اسٹاپ ہونگے۔ رپورٹ کے مطابق منصوبے کو چین کی مدد سے مکمل کیا جائے گا اور اس میں چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن بھی شامل ہوگی جب کہ منصوبے کے تحت ریلوے کے ڈبل ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا، نئے پلوں کی تعمیر ہوگی اور جدید سگنل سسٹم کا نظام بھی لگایا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی