پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 8افراد جاں بحق اور 31زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق لاہور میں کینال روڈ پر جوہر ٹائون کے قریب گاڑی نہر میں گر گئی،گاڑی میں سوار تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر گاڑی میں سوار افراد کو باہر نکالا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، ریسکیو نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریسکیو اہلکاروں بڑی کوشش کے بعد گاڑی کو نہر سے نکالا۔حادثے کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ادھر رحیم یارخان میں موٹر وے ایم فائیو پر مسافر بس ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہو گئے
لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس اور موٹروے حکام نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بڑی وجہ ڈرائیور کی غفلت اور نیند کی حالت میں گاڑی چلانا بتایا جا رہا ہے۔ فیصل آباد میں شالیمار ایکسپریس پھاٹک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی۔ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں انجن سمیت 12 سے زائد بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق ٹرین کراچی سے لاہور آرہی تھی، حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، مسافروں کو امدادی ٹرین میں روانہ کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی آئل ختم ہونے کے باعث پھاٹک پر کھڑی تھی، حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور فرار ہو گیا، ٹریک کلیئر کرنے میں تقریبا 6 گھنٹے لگیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی