i پاکستان

پشاور، ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف سی ٹی ڈی میں درجتازترین

November 25, 2025

پولیس نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پشاور پر دہشت گردوں کے حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرا دیا۔پولیس کے مطابق مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا، مقدمہ مقامی ایس ایچ او عبداللہ جلال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق دہشت گردوں نے ملکی سالمیت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، تین موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا۔متن کے مطابق ایک حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑایا ، دو حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہوئے، جائے وقوعہ سے 27 سے زیادہ خول برآمد ہوئے۔پولیس کے مطابق ایف سی ہیڈکوارٹرز پر تین دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین جوان شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

دریں اثنا محکمہ انسداد دہشتگردی(سی ٹی ڈی) حکام نے بتایا کہ پشاور ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر خودکش حملے کی تفتیش شروع کر دی گئی جبکہ ہلاک حملہ آوروں کے جسمانی اعضا کے نمونے حاصل کرلئے گئے جنہیں ڈی این اے ٹیسٹنگ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ تینوں حملہ آور ایک ہی موٹرسائیکل پر ایف سی ہیڈ کوارٹرز آئے تھے، دہشتگرد کوہاٹ روڈ اور سول کوارٹر سے ہوتے جائے وقوعہ پر پہنچے۔حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز سے کچھ فاصلے پر موٹرسائیکل کھڑی کی، ان کے پاس کلاشنکوف اور 8 سے زائد دستی بم موجود تھے، دہشتگردی میں استعمال موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی۔گزشتہ روز تین دہشتگردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا تھا جس میں 3 جوان شہید اور 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی