i پاکستان

پشاور، پی آئی سی نے ایک ہی دن میں 14 ٹاوی سرجریوں کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیاتازترین

August 15, 2025

پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی ) نے پاکستان کے لیے تاریخی اعزاز حاصل کر لیا، جشن آزادی کے موقع پر ایک ہی دن میں 14 ٹاوی سرجریوں کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ترجمان پی آ ئی سی رفعت انجم نے کہا کہ پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے سربیا کا ایک دن میں 13 سرجریوں کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔میڈیکل ڈائریکٹر پی آ ئی سی ڈاکٹر علی رضا نے کہا کہ ایک دن میں بغیر سینہ چاک کیے 14 مریضوں کے دل کے والو تبدیل کرنا ایک چیلنج تھا۔ ان مریضوں کی اوپن ہارٹ سرجری ممکن نہیں تھی، ٹاوی طریقہ علاج سے کامیابی حاصل ہوئی۔میڈیکل ڈائریکٹر پی آئی سی ڈاکٹر علی رضا نے کہاکہ پاکستان کے بڑے اسپتالوں کے کارڈیالوجسٹ اور سرجنز نے ریکارڈ ساز آپریشن میں حصہ لیا۔پی آ ئی سی کے شعبہ کارڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر عابد اللہ نے کہا کہ 70 سے 80 سال کے مریضوں کو ٹاوی سرجری کے ذریعے نئی زندگی ملی۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی سی کی ماہر کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری ٹیم کی شب و روز کی محنت رنگ لے آئی۔ڈین پی آئی سی پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ نے کہا کہ تمام ڈاکٹرز، کیتھ لیب اور آپریشن تھیٹر سٹاف، ٹیکنالوجسٹ، اینستھیزیا، نرسنگ اور تمام معاون عملے کی بھرپور شرکت سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ عالمی معیار کی سہولیات اور مہارت کے ساتھ پاکستان کا طبی شعبے میں یہ اہم قدم ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی