i پاکستان

راشد منہاس شہید کی عظیم قربانی ہمت اور فرض سے لگن کی اعلی روایات کا مظہر ہے، وزیراعظمتازترین

August 20, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس(نشان حیدر) کی برسی پر اپنے پیغام میںشہید کو تہ دل سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی عظیم قربانی ہمت اور فرض سے لگن کی اعلی روایات کی مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ 1971 میں آج کے دن پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جام شہادت نوش کیا۔ ان کا لاجواب جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی مسلح افواج اور قوم کے لیے ایک لازوال ترغیب کا باعث ہے۔شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی بہادری کی داستان، ہمارے قومی ضمیر کو آزادی کی قیمت اور مادر وطن کے دفاع کے لیے درکار حوصلے کی لازوال یاد دہانی ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج کو، ان کی لازوال میراث کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ راشد منہاس کا نام قوم کی تاریخ میں ہمیشہ وفاداری، حوصلے اور فخر کی علامت کے طور پر محفوظ رہے گا۔ دوسری جانب پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے یومِ شہادت پر ملک بھر میں مساجد میں قرآن خوانی اور دعائوں کا اہتمام کیا گیا۔ علمائے کرام نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔علما کا کہنا تھا کہ شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں۔ شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں۔ جو قومیں اپنے شہدا کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں۔ شہدا کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں۔ شہیدپائلٹ آفیسر راشد منہاس دھرتی کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا، ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی