i پاکستان

سبی میں گرلز کالج کے قریب پولیس اہلکاروں پر دستی بم حملہ، اے ایس آئی زخمی ، حملہ آور فرارتازترین

August 12, 2025

بلوچستان کے شہر سبی میں سنیپ چیکنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اے ایس آئی زخمی ہوگیا جبکہ بلوچستان بھر میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس ایک ہفتے سے معطل ہونے کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔پولیس کے مطابق سبی میں گرلز کالج کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ۔ حملے میں ایک اے ایس آئی زخمی ہوگیا، جنہیں ٹیچنگ اسپتال سبی منتقل کیا گیا۔ زخمی پولیس آفیسر کی شناخت محمد افضل کے نام سے ہوئی ہے۔دوسری جانب بلوچستان بھر میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس ایک ہفتے سے معطل ہونے کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق ڈیٹا انٹرنیٹ سے دہشت گرد تنظیموں کو رابطے میں سہولت فراہم ہوتی ہے، دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں موبائل فون انٹرنیٹ کی بندش کا فیصلہ کیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں موبائل فون ڈیٹا انٹرنیٹ سروس اگست کے مہینے میں معطل رہے گی۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )حکام کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع کوہلو، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، لورالائی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور ہرنائی میں موبائل انٹرنیٹ سروس غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے صوبے میں طلبہ آن لائن کلاسز میں شرکت سے قاصر ہیں جبکہ فری لانسنگ اور آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی