i پاکستان

شاہراہ بھٹو سے متعلق ٹیکنیکل ٹیم کی تجاویز پر وزیراعلی فیصلہ کرینگے، ڈپٹی میئر کراچی عبداللہ مرادتازترین

September 12, 2025

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ شاہراہ بھٹو پر ہونے والے معاملے سے متعلق ٹیکنیکل ٹیم کی تجاویز پر وزیراعلی سندھ حتمی فیصلہ کریں گے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی میئرسلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ شاہراہ بھٹو پر قائدآباد سے ایم نائن تک کام چل رہا ہے، شاہراہ بھٹو پر جام گوٹھ کے قریب مسئلہ ہوا تھا جس پر گزشتہ روز ٹیکنیکل ٹیم نے معائنہ کیاہے، اب ٹیکنیکل ٹیم کی تجاویز پر وزیراعلی سندھ حتمی فیصلہ کریں گے۔ڈپٹی میئر نے کہا کہ کورنگی کاز وے ملیر ندی کے پانی کی وجہ سے بند کیاگیا، عوام کو جام صادق پل سے گزارا جارہاہے، آئندہ 24گھنٹوں کے اندر اندر کاز وے کو کھول دیاجائیگا جب کہ بعد ازاں کاز وے کو بھی شاہراہ بھٹو کے ساتھ جوڑا جائیگا۔ سلمان مراد کا کہنا تھا کہ سوئی گیس نے لائن ڈالنے کے لئے تمام ٹاونز سے این او سی لئے ، جس ٹائو ن کو روڈ کٹنگ کی مد میں پیسے ملے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سڑکیں تعمیر کریں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والی بارش سے شاہراہ بھٹو کا کچھ حصہ پانی میں بہہ گیا تھا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی