i پاکستان

شہر کو صاف رکھنے کا عزم،آئی سی سی نے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیاتازترین

July 22, 2025

اسلام آباد سٹیزنز کمیٹی (آئی سی سی ) نے دارالحکومت میں شہریوں کو صاف، ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد بہتر اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔کمیٹی کے صدر سید ایم. صدیق حسن نے ایک بیان میں بتایا کہ شجرکاری مہم کا آغاز سیکٹر جی-2/ 10 کے سُکھ چین پارک سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم رواں ہفتے تک جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ لگائے گئے پودے سگما موٹرز لمیٹڈ، اسلام آباد کے چیئرمین و سی ای او کرنل (ر) سید ظفر الدین احمد نے عطیہ کیے۔افتتاحی تقریب میں سگما موٹرز کے سربراہ، آئی سی سی کے صدر، نائب صدر، جنرل سیکریٹری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ تمام شرکاء نے اپنے ہاتھوں سے ایک ایک پودا لگایا، جس کے بعد پارک کے مالیوں نے مزید شجرکاری کی۔پارک کی دیکھ بھال کرنے والے ندیم، جو پارک کی "روحِ رواں" قرار دیے گئے، نے ذاتی نگرانی میں شجرکاری کے تمام انتظامات مکمل کیے۔تقریب سادہ مگر پُراثر تھی، جس کے اختتام پر آئی سی سی کے جنرل سیکریٹری ایم. اشرف ملک نے شرکاء کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر پرتکلف چائے کا اہتمام کیا۔اختتامی کلمات میں صدر آئی سی سی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، خصوصاً کرنل (ر) ظفر، ندیم اور اشرف ملک کی خدمات کو سراہا۔صدر آئی سی سی نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ، شجرکاری مہم کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور آئندہ مرحلے میں اسلام آباد کے ماڈل اسکولوں میں پودے لگائے جائیں گے۔آئی سی سی کی شجرکاری مہم کی ذیلی کمیٹی آئندہ لائحہ عمل پر غور کے لیے 23 جولائی کو ہونے والے ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں تجاویز پیش کرے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی