i پاکستان

سموگ ، لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار ،شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 452 ریکارڈ کی گئیتازترین

November 08, 2023

اسموگ کی شدت مزید بڑھنے سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آگیا،9 سے 12 نومبر تک ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ۔ بدھ کو ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 452 ریکارڈ کی گئی جبکہ سید مراتب علی روڈ پر 552، فدا حسین روڈ پر شرح 477، یو ایس قونصلیٹ پر 464، فیز 8 ڈی ایچ اے میں شرح 425ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے اور موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا تاہم 9 اور 10 نومبر کو شہر میں بارش کا امکان ہے۔ پنجاب حکومت نے سموگ کی شدت کے پیش نظر لاہور ڈویژن سمیت مخصوص اضلاع میں 4 روز کے لئے ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی، پابندیوں کا اطلاق 9 سے اتوار 12 نومبر تک ہوگا۔ گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ میں بھی دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ اس دوران تعلیمی ادارے، سرکاری و نجی دفاتر، سینما، پارکس اور ریسٹورنٹ بند رہیں گے جبکہ مارکیٹیں ہفتے کو بند رہیں گی جبکہ بیکریاں اور میڈیکل سٹور کھلیں گے، بسیں اور ویگنیں چلتی رہیں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی