سندھ حکومت نے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی نہ لینے والے کاروباری اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، کافی شاپس اور بریانی سینٹرز کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔محکمہ بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے تحت سندھ کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی نے کلفٹن کے کئی معروف ریسٹورنٹس کو نوٹسز جاری کیے ہیں، جن میں کراچی بروسٹ، فرنٹیئر اور بیٹھک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نہاری ان اور دیسی ڈیرا کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ڈی جی سندھ کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی زاہد حسین شر کے مطابق یہ ایکشن کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ادائیگی کے جدید ذرائع فراہم کرنا ہر کاروبار کی ذمہ داری ہے اور اس سے انکار ناقابلِ قبول ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ کاروباری اداروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور قانون کے تحت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔سندھ حکومت کا یہ اقدام ڈیجیٹل لین دین کے فروغ اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی