وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کالعدم دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک اور واٹس ایپ گروپ کی نشاندہی کر دی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واٹس ایپ گروپ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے طلال چوہدری نے لکھا کہ امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے دہشتگرد قرار دی گئی کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی واٹس ایپ چینل چلا رہی ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ٹی ٹی پی انتہا پسند اور نفرت انگیز نظریات کیلیے واٹس ایپ پیغامات بھیجتی ہے، پاکستان کی جانب سے مذکورہ گروپس پر زیرو ٹالرنس رکھا گیا ہے، پاکستان نے بین الاقوامی امن یقینی بنانے کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور وٹس ایپ انتظامیہ سے درخواست ہے کہ اس ناسور کے خلاف تعاون کریں، ان اکائونٹس کو بند یا خودکار انداز میں نشاندہی کیلئے اکائونٹس اور نمبرز کو معطل کرنا ضروری ہے۔واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے داخلہ نے 20 جولائی 2025 کو بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ایک واٹس ایپ گروپ کی نشاندہی کی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی