i بین اقوامی

ٹرمپ انتظامیہ 19 ممالک کے گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ کرے گیBreaking

November 28, 2025

ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ 19 ممالک سے امریکہ ہجرت کرنے والے افراد کو جاری کیے گئے گرین کارڈز کی دوبارہ جانچ کرے گی۔یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے سربراہ جوزف ایڈلو نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ امریکہ کے لئے تشویش کا باعث بننے والے ممالک سے آنے والے ہر اجنبی کے لئے گرین کارڈ کی مکمل اور سخت جانچ پڑتال کریں۔وائٹ ہائو س کے اعلامیہ کے مطابق جن ممالک کے شہریوں کی جانچ کی جائے گی ان میں افغانستان، کیوبا، ہیٹی، ایران، صومالیہ اور وینزویلا شامل ہیں، یہ اعلان واشنگٹن ڈی سی میں ایک افغان شہری کی جانب سے مبینہ طور پر نیشنل گارڈ کے دو فوجیوں پر فائرنگ کے بعد سامنے آیا، اس واقعے میں نیشنل گارڈ کی ایک اہلکار جان کی بازی ہار گئی تھیں جبکہ ایک اہلکار شدید زخمی ہے۔

ملزم رحمان اللہ لکنوال 2021 میں ایک پروگرام کے تحت امریکہ آیا تھا جس میں افغانستان سے امریکہ کے انخلا کے تناظر میں افغانوں کو خصوصی امیگریشن کی پیشکش کی گئی تھی، وہ افغانستان میں سی آئی اے کیلئے کام کر چکا تھا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فائرنگ سے قومی سلامتی کو لاحق ایک بڑے خطرے کی نشاندہی ہوتی ہے۔سربراہ امیگریشن سروسز ایڈلو نے کہا کہ اس ملک اور امریکی عوام کا تحفظ سب سے اہم ہے، اور امریکی عوام سابقہ انتظامیہ کی دوبارہ آبادکاری کی لاپرواہ پالیسیوں کی قیمت برداشت نہیں کریں گے، دیگر ممالک جن کے گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ کی جائے گی ان میں میانمار، چاڈ، جمہوریہ کانگو اور لیبیا شامل ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی