بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان جیسی قید پاکستان کی تاریخ میں کسی نے نہیں کاٹی، عمران خان کی ہدایات ہیں کہ 10 محرم کے بعد پارٹی تحریک کا آغاز کرے،بانی نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کے بجائے بادشاہت قائم کرلیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ لیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی قید میں ہیں، 22 گھنٹے ایک ہی سیل میں رہتے ہیں، ان کیلئے تمام قیدی والی سہولیات ختم کر دی گئی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی قید ایک عام قیدی سے بھی سخت ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیلئے کتابیں بند کر دی گئیں، بچوں سے ملاقات نہیں کرا رہے، عمران خان وہ قید کاٹ رہے ہیں جو پاکستان میں آج تک کسی نے نہیں کاٹی۔
علیمہ خان نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی تو ریسٹ ہائو س میں تھے اور ساری سہولیات دستیاب تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 26 ایم پی ایز کو ڈی سیٹ کر کے وہ سیٹیں نوازشریف کو دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے تحریک کے آغاز کیلئے اہم ہدایات دی ہیں، پلان کے مطابق 10 محرم کے بعد تحریک کا آغاز کریں گے۔ تحریک سے پہلے پلان تیار کرچکے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے عوام اپنی آزادی کے لیے نکلیں، غلامی سے بہتر ہے جیل میں ہی رہوں۔علیمہ خان نے مزید بتایا کہ بانی نے کہا تھا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی ضرورت ہی کیا ہے، آپ ویسے ہی قوم کو آگاہ کر دیں ۔ ترمیم کے بجائے بادشاہت قائم کرلیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی