گوجرانوالہ میں دیرینہ دشمنی کی بنیاد پر فائرنگ کرکے 5 افراد کو قتل کردیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ تتلے عالی کی حدود اڑتالی ورکاں میں دیرینہ عداوت نے خونیں رخ اختیار کر لیا، جہاں ملزم عمران شیرو نے معمولی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ عثمان ورک، 28 سالہ وقاص، 40 سالہ عمران عاشق، 18 سالہ عمر اور افضل شامل ہیں۔ علاوہ ازیں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت گن مین سلمان کے طور پر ہوئی ہے جو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں عثمان ورک کا گن مین اور قریبی دوست بھی شامل ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایس پی صدر سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور لاشوں و زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعہ کے بعد پولیس کی بروقت کارروائی کے دوران ملزم پولیس مقابلہ میں ہلاک ہو گیا، ایس ایچ او تتلے عالی بھی زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم عمران شیرو کا چند ماہ قبل اپنے بھتیجے عثمان سے جھگڑا ہوا تھا، فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں عثمان کے دو دوست اور دو گارڈ شامل ہیں، ملزم فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔تتلے عالی پولیس نے اطلاع ملتے ہی ملزم کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی، ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ قریب سکول میں چھپ گیا اور پولیس کو اپنی جانب آتا دیکھ کر گولی چلا دی، ملزموں کی ایک گولی ایس ایچ او تتلے عالی صفدر عطا بھٹی کو لگی۔ایس ایس پی آپریشنز نوشہرہ ورکاں نے بتایا کہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ملزم عمران شیرو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہواہے، ایس ایچ او تتلے عالی صفدر عطا بھٹی کو بھی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او گوجرانوالہ سے فوری رپورٹ طلب کر ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سینئر پولیس افسران، فرانزک ٹیمیں اور بھاری نفری موقع پر موجود ہے، جہاں سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی