پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم (اپنا ) کے ساتھ ٹیکساس چیپٹر کے زیر اہتمام ہیوسٹن میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایک ہزار سے زائد افراد کو مختلف بیماریوں سے متعلق بنیادی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ہیلتھ فیئر میں داخلی طب، امراض قلب، ذیابیطس، کینسر اسکریننگ، دانتوں کی جانچ، بلڈ پریشر اور آنکھوں کے معائنے سمیت کئی شعبوں میں مفت مشورے اور ٹیسٹ فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں رضاکار ڈاکٹروں اور طبی عملے نے اپنی خدمات انجام دیں۔اپنا ساتھ ٹیکساس چیپٹر کے صدر ڈاکٹر نوید ثاقب نے بتایا کہ تنظیم کے پلیٹ فارم سے 400 سے زائد پاکستانی امریکی ڈاکٹرز امریکہ بھر میں ان افراد کے لیے مفت طبی سہولیات فراہم کرتے ہیں جو انشورنس یا بنیادی طبی سہولیات تک رسائی سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ہیلتھ فئیرز اور فری کلینکس کے ذریعے مختلف کمیونٹیز کو سال بھر فائدہ پہنچایا جاتا ہے۔ہیلتھ فیئر کے منتظم ڈاکٹر بلال لودھی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں کینسر اسکریننگ سمیت متعدد پیچیدہ بیماریوں کے ابتدائی مراحل میں تشخیص کی سہولت دی گئی تاکہ عوام میں بروقت آگاہی اور علاج ممکن ہو سکے۔معروف پاکستانی نژاد امریکی معالج ڈاکٹر لبنی خواجہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انشورنس سے محروم افراد کے لیے فری ہیلتھ فیئرز کا انعقاد ایک اہم اور قابلِ تقلید خدمت ہے، جس سے نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر کمیونٹیز بھی مستفید ہو رہی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی