i پاکستان

کے الیکٹرک کیلئے 7 سالہ نیا ٹیرف منظور، فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اوسطا 3.31 روپے کا اضافہ ہوگاBreaking

May 24, 2025

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا)نے کے الیکٹرک کے لیے مالی سال 2023 سے 2030 تک کے لیے 7 سالہ ملٹی ایئر ٹیرف (ایم ای ٹی) کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سال 2024-25 کے لیے ڈسٹری بیوشن نظام سے 50.284 ارب روپے آمدنی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔نیپرا کی جانب سے منظور کردہ منصوبے کے مطابق، ملٹی ایئر ٹیرف کے تحت فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اوسطا 3.31 روپے کا اضافہ ہوگا۔ مزید برآں، کے الیکٹرک کو 43.447 ارب روپے کے یوز آف سسٹم چارجز سے ریونیو حاصل کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ نیپرا کے مطابق ان چارجز کا اثر فی یونٹ تقریبا 3.30 روپے ہوگا۔

تاہم، نیپرا نے وضاحت کی ہے کہ موجودہ فیصلے کا صارفین کے بجلی بلوں پر براہِ راست کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ ملک بھر میں یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت صارفین سے وصولیاں جاری رہیں گی۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کے ڈسٹری بیوشن سیکٹر کے لیے 14 فیصد ریٹرن آن ایکوئٹی کی منظوری دے دی ہے، حالانکہ کمپنی نے 16 فیصد ریٹرن کی درخواست کی تھی۔ اسی طرح، کے الیکٹرک کے ٹرانسمیشن سیکٹر کے لیے 12 فیصد ریٹرن آن ایکوئٹی منظور کیا گیا ہے، جبکہ درخواست کردہ شرح 15 فیصد تھی۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ منظور شدہ رقم سرمایہ کاری کے منصوبے کی منظوری کے بعد تبدیل بھی ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ نیپرا نے گزشتہ سال جون میں ڈسٹریبیوشن ٹیرف کے حوالے سے عوامی سماعت منعقد کی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی