i کھیل

جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آئوں گا،ساجد خانBreaking

July 03, 2025

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے اسپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ میں وائٹ بال پر بہت کام کر رہا ہوں جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آئوں گا میری خواہش ہے کہ پی ایس ایل سمیت تمام وائٹ بال کرکٹ کھیلوں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپنر ساجد خان نے کہا کہ مجھے کہا گیا ہے کہ مجھے وائٹ بال بھی سوٹ کرتی ہے میں اسی مطابق بولنگ کر رہا ہوں۔ ساجد خان نے کہا کہ کوچ عبدالرحمان کے ساتھ اسپن بولنگ کے شعبے پر کام ہو رہا ہے، میں آرم بال اور کریز کے استعمال پر کام کر رہا ہوں، ٹیسٹ کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں نے وائٹ بال سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ ساجد خان نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ زیادہ ٹیسٹ میچز ہوں تاکہ ہماری رینکنگ بہتر ہو اور ہمارا جیسا سرکل ہے مجھے امید ہے کہ ہم ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چار روزہ ٹیسٹ اچھا نہیں ہے میری ذاتی رائے یہ ہے کہ پانچ روز کا ہی ٹیسٹ ہو تو اچھی بات ہے۔ ساجد خان نے کہا کہ اسکلز کیمپ میں ہمیں سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، اظہر محمود کے ساتھ کام کیا ہوا ہے ہمیں ان سے فائدہ ہو گا۔ سپنر ساجد خان نے بتایا کہ کاونٹی کرکٹ کے لیے میری بات چیت چل رہی ہے جلد معاہدے کے حوالے سے پتہ چل جائے گا میری خواہش ہے کہ میں کاونٹی کرکٹ کھیلوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی