پاکستان اور چین نے پاکستان اسپیس سنٹر کے قیام، خلابازوں کی تربیت کے انعقاد اور چاند اور خلائی تحقیق میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کے ذریعے خلائی ٹیکنالوجی کے تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ عزم چین پاکستان ایکشن پلان (2025-2029) کا حصہ ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ بیجنگ کے دوران دستخط کیے گئے ۔ ویلتھ پاکستان کے پاس دستیاب سرکاری دستاویز میں خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کو دو طرفہ تعاون کے لیے ایک اہم محاذ کے طور پر شناخت کیا گیا ہے، جو سی پیک کے روایتی شعبوں سے آگے بڑھتا ہے۔دستاویز کے مطابق، دونوں فریق چین کی قومی خلائی انتظامیہ اور پاکستان کے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن کے درمیان 2021-2030 خلائی تعاون پر مبنی آوٹ لائن پروگراموں پر عمل درآمد جاری رکھیں گے۔ اس تعاون میں خلائی مسافروں کے مشترکہ انتخاب اور تربیت، بین الاقوامی قمری تحقیقی اسٹیشن کے لیے کثیر سطح کے جائزے اور خلائی تحقیق میں مقامی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے پاکستان اسپیس سینٹر کے قیام پر بات چیت شامل ہے۔
دونوں ممالک ریموٹ سینسنگ ایپلی کیشنز اور دیگر اسپیس بیسڈ ٹیکنالوجیز پر بھی مل کر کام کریں گے تاکہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں مدد ملے جس میں قدرتی وسائل کی نگرانی، آفات سے بچاو اور موسمیاتی تحقیق شامل ہے۔ایکشن پلان قمری اور خلائی مشنوں میں پاکستان کی شرکت کے لیے چین کی رضامندی کو اجاگر کرتا ہے جو عالمی خلائی تحقیق میں پاکستان کے کردار کو آگے بڑھانے میں ایک اہم قدم ہے۔حکام نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کی تکنیکی صلاحیت کو مضبوط بنانے، سائنسی تحقیق کے نئے مواقع اور اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں طویل مدتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی توقع ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک