ملک بھر میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی ۖ کے یومِ ولادت کا جشن کل (ہفتہ کو) مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا جبکہ یو م دفا ع بھی کل منایا جائیگا،حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور تمام صوبائی دارالحکومت میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوتا ہے، مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسلم امہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوش حالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیںگی۔جشن عیدمیلادالنبیۖ کی مناسبت سے سیرت النبی ۖکے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائیگا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے ، لنگر تقسیم اور کیک کاٹے جائیں گے ، ملک بھر میں گلی محلوں اور بازاروں کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے ۔ ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکا سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے ، جشن عید میلاد النبیۖ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائیگا۔ راولپنڈی پولیس نے 12 ربیع الاول عید میلاد النبیۖ کے موقع پر سکیورٹی پلان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 6000 سے زائد پولیس افسران و جوان جبکہ ٹریفک کے موثر انتظامات کیلئے 530 سے زائد اہلکار فرائض انجام دیں گے، مرکزی جلوس سمیت 105 جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں واک تھرو گیٹس، سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ، باڈی سرچ، چھتوں پر سنائپرز کی تعیناتی اور جلوس کے روٹس پر گلیوں و راستوں کو سیل کرنا شامل ہے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق ایلیٹ فورس، ڈولفن، محافظ اور پولیس موبائلز بھی گشت کریں گی تاکہ فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جا سکے،شرکا صرف مختص انٹری پوائنٹس سے ہی جلوس میں داخل ہو سکیں گے،جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے،سیف سٹی کیمروں سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کاکہناہے کہ جلوس کے شرکا کو مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی،جلوس کے روٹ پر گلیوں،سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیا جائے گا،عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اسی طرح ملک کے دیگر شہروں میں بھی جشن عید میلاد النبیۖ کی مناسبت سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔ سندھ میں عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر 5 اور 6 ستمبر کو سندھ میں عام تعطیل ہوگی، عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر 5، 6 ستمبر کو سندھ بھر کے تمام دفاتر بند رہیں گے۔اس ضمن میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ سندھ کے شہری تین چھٹیوں سے مستفید ہوں گے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی جشن عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر چھٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ یادرہے کہ 6 ستمبر کو یوم دفاع بھی منایا جائیگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی