i پاکستان

ا سلام آباد میں موسم خراب ، طیاروں کیلئے تھنڈر اسٹورم الرٹ، متعدد پروازیں منسوخ و تاخیر کا شکارتازترین

October 03, 2025

اسلام آباد میں موسم خراب ہونے کے باعث پروازوں کیلئے تھنڈر اسٹورم الرٹ کردیا گیا تاہم متعدد پروازیں منسوخ و تاخیر کا شکار ہوگئیں۔تفصیل کے مطابق وفاقی دارلحکومت میں موسم کی خرابی کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں کے لیے تھنڈر اسٹورم الرٹ جاری کردیا۔خراب موسم اور انتظامی مسائل کی وجہ سے متعدد پروازیں منسوخ جبکہ کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ائیرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی دارلحکومت سے گلگت جانے اور آنے والی قومی ایئر لائن کی چار پروازیں پی کے 601، 602، 603 اور 604 منسوخ کردی گئیں۔اسی طرح اسلام آباد سے سکھر کی پرواز پی کے 632 اور سکھر سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 636 بھی منسوخ ہوئیں۔ کراچی سے تربت جانے والی قومی ایئر لائن کی پروازیں پی کے 501 اور 502 بھی آپریٹ نہ ہوسکیں۔کراچی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی پروازوں میں ایک سے نو گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ اسلام آباد سے کراچی کی پروازوں میں چھ سے سات گھنٹے اور کراچی سے اسلام آباد آنے والی پروازوں پی کے 300 اور 301 میں ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔نجی ایئر لائن کی اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز پی اے 201 میں نو گھنٹے تاخیر ہوئی، جب کہ اسلام آباد سے ریاض جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 725 گیارہ گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔دھر لاہور ایئرپورٹ پر 19 پروازوں میں ایک سے دس گھنٹے تک تاخیر ہوئی جبکہ نجی ایئر لائن کی لاہور سے ابوظہبی جانے والی پرواز پی اے 430 دس گھنٹے کی تاخیر کا شکار بنی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی