محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدیدگرم رہنے کا امکان ہے۔ رات میں بالائی خیبرپختونخوا،کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکانہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری،گلیات اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر بالائی اور وسطی اضلاع گرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے، دن کے درجہ حرارت معمول سے 06 سے08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور سمندری ہوائیں 8کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، شام یا رات میں ژوب، موسی خیل، بارکھان اور گرد و نواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ، مہمندمیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے دوران موسم خشک جبکہ رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی