i پاکستان

عمران خان صحت مند ، بشری بی بی بھی ٹھیک ہیں، علی امین گنڈا پورتازترین

November 28, 2025

سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان صحت مند ہیں اور بشری بی بی بھی ٹھیک ہیں، بھارتی میڈیا عمران خان کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے ،منفی مہم کا مقصد عوام کو اشتعال دلانا اور نفرت پھیلانا ہے،یہ پروپیگنڈا ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کھلی سازش ہے۔ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر تشویش کا اظہار کیا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، احتجاج بھی ریکارڈ کرائیں گے۔سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا نے بانی پی ٹی آئی کی جلد رہائی کا بھی مطالبہ کیا ۔

انہوں نے کہا عمران خان اور بشری بی بی مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ایسی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ان کے خلاف قائم جھوٹے مقدمات اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی سخت مذمت کرتا ہوں۔عمران خان کے خلاف ناانصافیوں کو ہر فورم پر اٹھایا گیا ہے،عمران خان پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی سطح کے لیڈر کے طورپر جانے و مانے جاتے ہیں۔قوم اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جلد رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔علی امین گنڈاپور نے دہشتگردانہ واقعات کی مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی امریکا میں ہو یا کہیں بھی ، قابلِ مذمت ہے، علی امین گنڈاپور نے دہشت گردی کے خلاف مل کر مشترکہ حکمتِ عملی بنانے پر زور دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی