پاک فوج کی جانب سے بھارت کو پاکستان میں دراندازی پر منہ توڑ جواب دینے کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شعر کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔خواجہ آصف نے اپنی ایکس پوسٹ میں فیض احمد فیض کا شعر لکھا کہ ' جو وہ قرض رکھتے تھے جان پر، وہ حساب آج چکا دیا۔ وزیر دفاع نے کہا بھارت کو کاری ضرب لگائی ہے، بھارت کو ایسا جواب دیا کہ تین چار دن کا قرض پوراہوگیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے چار پانچ دن سے تماشہ لگایا ہوا تھا، جواب تو دینا تھا، ہماری افواج نے موثر جواب دیا ہے، دوبارہ کوئی بھارتی جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب دیں گے، بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کی توقع کی جاسکتی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھارت کو چوٹیں لگی ہیں، ان کی ٹکور شکور کر رہے ہیں، بھارت کو پیغام معاملہ ادھر ہی لپیٹ لیں ورنہ بہت نقصان اٹھائیں گے، ہم نے 6 گھنٹوں میں بھارت کو بتا دیا ہے کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا تھا کہ بی ایل اے کا بھی پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، بی ایل اے والے بھی ہندوستانی ہیں، پی ٹی آئی دورمیں پلوامہ واقعہ ہوا، پہلے کلبھوشن بھی پکڑا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ہماری افواج پچھلے 20سال سے حالت جنگ میں ہیں، پاکستان کی افواج دنیا کی بہترین افواج ہیں، افواج پاکستان ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہیں، عوام یکجا ہوکر اپنی افواج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی