i پاکستان

آزادکشمیر میں اسکول و کالجز دوبارہ کھل گئےتازترین

May 13, 2025

آزاد جموں و کشمیر میں پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر عارضی بندش کے بعد تمام تعلیمی ادارے منگل کے روز دوبارہ کھل گئے ۔ تاہم ملتوی شدہ امتحانات کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول علیحدہ طور پر اے جے کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور سیکنڈری ایجوکیشن میرپور کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے بھمبر ضلع کے برنالا سیکٹر میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور مسلح افواج کے جوانوں کے ساتھ دشمن کو ان کے منہ توڑ جواب پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے گولا باری سے متاثرہ خاندانوں کا احوال بھی دریافت کیا، جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری انوار الحق نے فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے بھارتی افواج کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اور پاک فضائیہ کی قابلیت کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔چوہدری انوار الحق نے بھارت کی جانب سے شہری آبادیوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کی مزاحمت اور بہادری کی ستائش کی۔ان کا کہنا تھا کہ شہدا اور زخمیوں کے خاندانوں کو 24 گھنٹوں کے اندر امداد فراہم کی گئی ہے اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر چوکس اور 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے عزم کیا کہ وہ نقصان کا تخمینہ لگانے اور بروقت امداد و بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ذاتی طور پر تمام لائن آف کنٹرول سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔اپنے دورے میں انہوں نے شہدا کے خاندانوں سے ملاقات کی، لواحقین کی دلجوئی کی اور امدادی چیک حوالے کیے۔ جب ان کا قافلہ علاقے سے گزرا تو ہجوم نے پاکستان، مسلح افواج، اور آزاد جموں و کشمیر کی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔ دریں اثناصدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ بے گناہ اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے پر بھارتی جارحیت کی سخت مذمت کی اور ان اقدامات کو بھارت کی مایوسی کا کھلا اظہار قرار دیا۔بیرسٹر سلطان محمود نے شہدا کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر نقصانات کا تجزیہ کریں اور متاثرہ آبادی کے لیے فوری ریلیف یقینی بنائیں، جبکہ زخمیوں کو بلا رکاوٹ طبی دیکھ بھال فراہم کی جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی