بھارت میں دوران علاج انتقال کر جانے والے آریان شاہ کی میت غیر ملکی ائیرلائن کے عملے کی غفلت کے باعث کراچی نہ پہنچائی جاسکی۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت میں دوران علاج انتقال کرجانے والے نوجوان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ آریان کا غیر ملکی ائیرلائن سے پاکستان پہنچایا گیا تابوت خالی نکلا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی عملے کی غفلت کے باعث آریان کی میت ابھی کولمبو ہی میں ہے اور میت کو کراچی لایا جائے گا۔بلوچستان حکومت نے بھارت میں انتقال کرنے والے کوئٹہ کے نوجوان کی میت واپس لانے کا بندوبست کیا تھا ۔یاد رہے کہ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان آریان شاہ بھارت کے نجی اسپتال میں علاج کے دوران وفات پاگیا تھا مگر اسپتال انتظامیہ نے بقایا جات کی ادائیگی نہ ہونے پر میت دینے سے انکار کردیا تھا۔بعد ازاں وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوجوان کے والد اور والدہ کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کے بقایا جات ادا کروا دئیے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی