بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک نے پاک فوج کی حالیہ کارروائیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی ہے، میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔ راولپنڈی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ملک نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے شہروں اور عسکری اڈوں کو نشانہ بنا کر انہیں واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہ پوری قوم ایک ہو چکی ہے اور ایک ہی نعرہ سنائی دے رہا ہے پاکستان زندہ باد۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت باز نہ آیا تو ان کے مندروں میں گھنٹیاں بجنا بند ہو جائیں گی۔ فیصل ملک نے اس موقع پر قومی اتحاد کی بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام اندرونی اختلافات ختم ہو چکے ہیں اور پاکستانی عوام یکجا ہو چکی ہے۔
وکیل بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیا جائے تو قومی اتحاد مزید مضبوط ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ غیر معمولی حالات میں سب سے بڑا مفاد پاکستان کا ہے، اور ایسے میں ملک کے سب سے بڑے لیڈر کو فوری رہا کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر بنائے گئے مقدمات بے بنیاد ہیں، اور اب بات پاکستان کے تحفظ اور اس کی سالمیت کی ہونی چاہیے۔ فیصل ملک نے ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ علی امین گنڈاپور کی پٹیشن کو فوری طور پر سنا جائے۔وکیل بانی پی ٹی آئی نے تمام سیاسی و سماجی حلقوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی سالمیت اور تحفظ کے لیے یک زبان ہو کر آواز بلند کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی