امریکا نے مبینہ طورپریمن کے دارالحکومت صنعا پر کئی فضائی حملے کیے جس میں ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ یمنی حوثی باغیوں کے میڈیا نے دعوی کیا کہ حوثیوں کے زیرِ قبضہ دارالحکومت صنعا پر 12 سے زائد فضائی حملے کیے گئے، جن کا الزام امریکا پر عائد کیا گیا ہے۔حوثیوں کے ٹی وی چینل المسیرہ کے مطابق امریکا کی جانب سے فضائی حملوں میں دارالحکومت کے علاقے السبین میں واقع الحفا علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔حوثی میڈیا کا دعوی ہے کہ امریکی فضائی حملوں میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے۔علاوہ ازیں حوثی میڈیا نے یمن کے صوبے الجوف کے علاقے الحزم میں بھی امریکی حملوں کی اطلاع دی ہے۔رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں ملی۔یاد رہے کہ یمن کے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر روزانہ کی بنیاد پر فضائی حملے جاری ہیں جن کا الزام امریکا پر عائد کیا جا رہا ہے۔ کیوں کہ امریکا نے 15 مارچ سے حوثیوں کے خلاف فضائی کارروائیوں کا آغاز کیا تاکہ انہیں اہم انٹرنیشنل بحری راستوں میں جہازوں کو نشانہ بنانے سے روکا جا سکے۔حوثی باغی بھی نہ صرف امریکی فوجی جہازوں کو نشانہ بنا چکے ہیں بلکہ اسرائیل پر بھی حملے کر چکے ہیں۔ وہ ان کارروائیوں کو غزہ کے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی قرار دیتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی