i پاکستان

او آئی سی کا جنوبی ایشیا کی کشیدہ صورتحال پر اظہار تشویش ،پاکستان اور بھارت مسائل کا حل پرامن مذاکرات کے ذریعے نکالیں ،مطالبہتازترین

May 03, 2025

اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) نے جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کرتے ہوئے مسائل کا حل پرامن مذاکرات کے ذریعے نکالیں۔او آئی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تنظیم نے دونوں ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہو۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی دہشت گردی کی ہر شکل اور صورت کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔ اس ساتھ ہی تنظیم نے ایک بار پھر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ او آئی سی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ جنوبی ایشیا میں مستقل امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اعلامیے میں وزرائے خارجہ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی