اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستیں حصے کے مطابق لینے کی متفرق درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی متفرق درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکلا سلطان محمد خان، طفیل شہزاد اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے مرکزی سیکرٹری جنرل ملک حبیب نور بھی عدالت میں حاضر ہوئے۔وکیل سلطان محمد خان نے موقف اختیار کیا کہ کچھ روز قبل 2 جولائی کو الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، الیکشن کمیشن نے خواتین کی مخصوص نشستوں کو مس کیلکولیٹ کیا، ہماری استدعا ہے کہ ہمیں ہمارے حصے کے مطابق کے پی میں مخصوص نشستیں دی جائیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ 2024 کا نوٹیفکیشن عدالت سے معطل ہے کیا؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ جی وہ معطل نہیں ہے کیس پینڈنگ ہے۔جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ نوٹس کرتا ہوں وہ آکر بتائیں تو دیکھ لیتے ہیں، بعد ازاں عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی