i پاکستان

اسلام آباد کے بعد قصور سے بھی کئی من گدھے کا گوشت برآمدتازترین

August 01, 2025

اسلام آباد سے بڑی تعداد میں گدھے کا گوشت برآمد ہونے کے بعد دیگر شہروں سے بھی ایسی ہی خبریں آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے علاقے کوزہ بانڈہ میں چھاپے کے دوران گدھے کا گوشت برآمد کیا گیا تھا اور اب پنجاب کے شہر قصور میں بھی ایسی ہی ایک کارروائی کی گئی۔پولیس حکام نے بتایا کہ قصور میں تھانہ شیخم کی حدود میں کوٹلی رائے ابو بکر سے گدھے کا گوشت برآمد کیا گیا، اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ گدھا کاٹ کر اس کی کھال اتار رہے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق موقع پر پہنچ کر گدھے کا گوشت برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3 فرار ہوگئے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔گزشرہ روز ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام نے کوزہ بانڈہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران ذبح شدہ گدھا برآمد کیا تھا

جس نے نہ صرف مقامی افراد کو خوفزدہ کر دیا بلکہ ملک بھر میں صحت عامہ اور خوراک کے معیار پر شدید تحفظات کو جنم دیا۔کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی جس میں دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کا تعلق مانسہرہ سے ہے اور وہ لائسنس یافتہ قصائی نہیں تھے۔حکام نے شبہ ظاہر کیا کہ اسے مقامی مارکیٹوں میں فروخت کیلیے سپلائی کیا جانا تھا تاہم واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی گئی اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو بھی مطلع کر دیا گیا۔پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ برآمد شدہ گوشت کہاں اور کس کو سپلائی کیا جانا تھا اور اس جرم میں مزید کون کون شریک ہے۔گرفتار افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 272 اور 273 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جو مضر صحت اشیا کی تیاری اور فروخت جیسے سنگین جرائم سے متعلق ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی