جڑواں شہروں اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے مون سون سسٹم کا ایک اور سسٹم سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ تفصیل کے مطابق ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے بعد واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے اور رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہا ۔اسلام آباد میں بارش کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر رہا۔ اسلام آباد ائیرپورٹ کی 5 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیرہوئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش اٹک میں 34 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آ ئندہ 24گھنٹوں اسلام آباد، پنجاب ،بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مر طوب رہنے کی توقع ہے ۔ ادھر کراچی میں صبح سویرے مختلف مقامات پر بوندا باندی سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مرطوب اور مطلع ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے جب کہ شہر میں کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے اور شہر میں سمندری ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 5 جولائی سے مون سون سسٹم کا ایک اور سسٹم سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی