i پاکستان

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئیتازترین

July 14, 2025

حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے کشمور میں دریائے سندھ گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہوگئی جس کے باعث محکمہ ایریگیشن نے درمیانے درجے کے سیلاب کا اعلان کر دیا۔فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سند ھ میں تونسہ بیراج پر درمیانے درجے جبکہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تونسہ بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے، اس کے علاوہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1527 اور منگلا ڈیم میں 1184 فٹ ہو گئی۔دریائے سندھ میں راجن پور، گھوٹکی اور تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، تونسہ میں کئی بستیاں زیرِ آب آ گئیں ، دوسری جانب راجن پور کے کچے کے علاقوں سے لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 55 ہزار 283 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 15 ہزار 558 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 190 کیوسک پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے۔محکمہ ایریگیشن کے ذرائع کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لاہور، اوکاڑہ ، بہاولنگر، منچن آباد، رینالہ خورد سمیت مختلف شہروں بادل برس پڑے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، شمال مشر قی و جنوبی بلوچستان، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور اورشیخوپورہ میں بارش کاامکان ہے۔ قصور، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، میانوالی، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں اور مظفر گڑھ میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور لیہ میں بارش کی پیشگوئی ہے، شمال مشرقی پنجاب اورخطہ پوٹھوہارمیں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔بارکھان، سبی، کوہلو، موسی خیل، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، ژوب، خضدار، لسبیلہ اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے علاقے عمر کوٹ، مٹھی، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور اور کشمور میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ،مردان، صوابی، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ہنگو،کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، کرم، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ آزاد کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں پیر کو صبح سویرے ہونے والی رم جھم بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ شام سے ہی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا مطلع ابر آلود ہے جبکہ سمندری ہوائیں جزوی بحال اور وقفے وقفے سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آ آئندہ 24گھنٹوں میں بھی کراچی میں بوندا باندی یا ہلکی بارش متوقع ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ 15 سے17جولائی کے دوران کراچی میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی