i پاکستان

اسلام آبادہائیکورٹ،عمران خان اور بشری بی بی کی تنہائی میں ملاقات کروانے کی درخواست پر سماعت، فریقین کو نوٹسز جاری ،آئندہ ہفتے جواب طلبتازترین

September 23, 2025

اسلام آبادہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی تنہائی میں ملاقات کروانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری شاہد یعقوب کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کئے اور آئندہ ہفتے تک جواب طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے وکیل عاطف محمود عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل نے موقف اپنایا کہ قواعد کے مطابق ایک سال میں کم از کم 3 بار اسپیشل میٹنگ ضروری ہے۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کون ہے جس پر بتایا گیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے فالوور ہیں۔ عدالت نے یہ بھی پوچھا کہ کیا درخواست گزار تحریک انصاف کے رکن ہیں جس پر وکیل نے جواب دیا کہ وہ صرف فالوور ہیں۔دورانِ سماعت عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی یا پی ٹی آئی اس کیس میں براہ راست فریق نہیں ہیں۔ خود پی ٹی آئی بھی اس درخواست سے لاتعلقی کا اظہار کر چکی ہے۔ذرائع کے مطابق جیل قوانین کے تحت قید میاں بیوی ملاقات کیلئے جیل سپرنٹنڈنٹ کو براہ راست درخواست دے سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے جیل میں فیملی روم کی سہولت ہونا ضروری ہے، تاہم اڈیالہ جیل میں یہ سہولت دستیاب نہیں۔ اگر سپرنٹنڈنٹ جیل اجازت نہ دے تو ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی جاتی ہے، وہاں سے انکار پر معاملہ متعلقہ ٹرائل کورٹ اور بعدازاں ہائیکورٹ تک لے جایا جا سکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی