وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہمارے پاس بھارتی آبی جارحیت کے ثبوت موجود ہیں، اس نے کچھ پانی راجستھان کی نہر میں بھی چھوڑا ہے۔ ایک انٹرویو میں مصدق ملک نے کہا کہ جنگ کے بعد بھارت نے چھوٹے ڈیموں میں پانی روکا اور پھر چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے چھوٹے ڈیموں میں پانی چھوڑ کر فصل تباہ کرنے کی کوشش کرچکا ہے، بھارت میں اس بار بعض مقامات پر ساڑھے300فیصد زیادہ بارش ہوئی۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سرحد سے ملحقہ علاقوں میں ساڑھے600فیصد تک زیادہ بارش ہوئی، بھارت میں سیلابی ریلے نے ایک ڈیم کے4دروازے اڑا دئیے۔
بھارت نے کچھ پانی راجستھان کی نہر میں بھی چھوڑا ہے، تاہم اس وقت پانی کسی کے کنٹرول میں نہیں، پانی اس وقت ہمالیہ کے کنٹرول میں بھی نہیں تو بھارت کیا کرسکتا ہے،اس وقت سیلاب سے پاکستان سمیت بھارت میں بھی تباہی ہوئی ہے، بھارت کے پہلے کی طرح آبی جارحیت کے عزائم ہیں لیکن اس بار قدرتی آفت زیادہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سفر کے باوجود وزیر اعظم کی نظر سیلابی صورتحال پر ہے، روزانہ ہدایات دیتے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں۔مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے پورا ملک یکجا ہوچکا ہے، وفاق صوبائی حکومتوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی