بھارت میں پاکستانی یوٹیوب چینلز اور فنکاروں پر عائد کی گئی پابندی اچانک ختم کردی گئی جس کے بعد بھارتی صارفین ایک بار پھر پاکستانی مواد تک رسائی حاصل کرسکے ہیں۔پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے جہاں پاکستانی یوٹیوب چینلز اور اداکاروں کے سوشل میڈیا اکائونٹس پر پابندیاں لگائی تھیں، وہیں فواد خان اور ہانیہ عامر سمیت پاکستانی فنکاروں کی فلموں کی ریلیز بھی روک دی گئی تھی۔ اس کے باوجود ہانیہ عامر کی فلم دنیا بھر میں کامیاب ریلیز ہوئی، تاہم بھارت میں ریلیز نہ ہوسکی۔اب بھارتی حکومت نے اچانک یہ پابندیاں ختم کرتے ہوئے پاکستانی یوٹیوب چینلز کو دوبارہ کھول دیا ہے، جس پر بھارتی صارفین خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ بھارتی صارفین نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ جن پاکستانی فنکاروں کے اکائونٹس تک رسائی بحال ہوئی ہے ان میں دانش تیمور، احد رضا میر، ماورا حسین اور یمنی زیدی شامل ہیں۔ماہرین کے مطابق بھارتی حکومت کا یہ قدم ثقافتی تعلقات کے حوالے سے ایک مثبت اشارہ ہے اور بھارتی شائقین کے لیے بھی خوشی کی خبر ہے جو پاکستانی مواد کے مداح ہیں۔ پاکستانی انڈسٹری کے لیے یہ موقع ہے کہ وہ معیاری مواد کے ذریعے بھارتی مارکیٹ میں اپنی موجودگی مزید مضبوط بنا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی