i پاکستان

بھارت سے ہمیں ہر وقت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، رانا ثنا اللہتازترین

May 03, 2025

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حملے کی اطلاع تھی اس لیے قوم کو بتایا گیا، بھارت سے ہمیں ہر وقت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، بھارت نے اگر کوئی حرکت کی تو اسے بروقت اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بھارت ایسی کوئی حرکت نہ کرے، بھارت کی جانب سے حملے کی اطلاع تھی اس لیے قوم کو بتایا گیا، ہوسکتا ہے بھارت کا حملے کا ارادہ ہو اور بعد میں ملتوی کردیا گیا ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سے ہمیں ہر وقت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، اگر اس نے پاکستان کے پانی کا رخ موڑا تو ہم برداشت نہیں کرینگے۔وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ پانی ہماری لائف لائن ہے، اسے کاٹنے کی کوشش کی گئی تو پاکستان بھرپور اقدامات کرے گا، بھارت کافی عرصے سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑمیں 3 فائدے حاصل کرنے کی کوشش کی، بھارت سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا عرصے سے پروگرام بنا کر بیٹھا ہوا تھا، اس واقعے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنا چاہتا تھااور واقعے کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں مزید ظلم کرنا چاہتا تھا۔ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معیشت پر حملے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم پہلگام واقعے کے بعد ہوا اس کی ماضی میں بھی کوئی مثال نہیں ملتی، کشمیریوں پرجو ظلم ہوئے ہیں بھارت انہیں رپورٹ کرنے سے روک رہا ہے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے آپسی اختلافات بھلا کر ایک قوم کا پیغام دیا ہے۔پہلے سفارتی سطح پرکام ہورہا ہے ،اس وقت کوئی سیاسی اختلاف نہیں ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کی تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی