اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے خیبرپختونخوا کے اضلاع میں سیلابی ریلوں سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کے پی میں طوفانی بارشوں سے جانی نقصان پر دل رنجیدہ ہے، یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں، متاثرین کے کرب اور مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کی ضرورت ہے، عوام بالخصوص نوجوانوں متاثرین کی مدد کے لیے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتِ حال پوری قوم کے لیے امتحان ہے، سب مل کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں۔ دریں اثناء چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔
اپنے ایک بیان میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے، نوجوان رضا کاروں کو داد رسی کی ہر ممکن کوشش کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے سے بریفنگ لی اور فوری اقدامات کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کسی بھی چیز کی ضرورت ہو تو ہم حاضر ہیں، حکومت پاکستان ہر وقت اپنی عوام کے ساتھ ہے، وفاقی حکومت متاثرین کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کشمیر کے ملحقہ علاقوں میں پل ٹوٹنے اور مشکلات باعثِ تشویش ہیں، نوجوان رضا کاروں کو داد رسی کی ہر ممکن کوشش کی ہدایت کی ہے، تمام پاکستانیوں کو متاثرین کو اپنی دعائوں میں یاد رکھنا چاہئے، انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحتیابی کی دعاکی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی