i پاکستان

بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا بیان مضحکہ خیز، اس پر کیا تبصرہ کیا جائے، یہ جھوٹا بیان کیوں دیا مجھے سمجھ نہیں آئی، سینیٹر عرفان صدیقیتازترین

August 11, 2025

مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے بھارتی ایئر چیف کے بیان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا بیان مضحکہ خیز ہے، اس پر کیا تبصرہ کیا جائے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ کو 3 ماہ گزر چکے ہیں اور بی جے پی کے رہنمائوں کے اس پر بیانات بھی آگئے ہیں۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے یہ جھوٹا بیان کیوں دیا مجھے سمجھ نہیں آئی۔عرفان صدیقی نے کہا کہ بھارتی رہنمائوں نے جنگ کے دوسرے یا تیسرے دن ہی کہا تھا کہ ہمیں تسلیم کر لینا چاہیے اور وزیر اعظم مودی کو قوم کو بتانا چاہیے کہ ہمارے 5 طیارے گرے ہیں۔ لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ اب اس وقت یہ بیان کیوں دیا گیا مجھے سمجھ نہیں آرہی، مودی نے پارلیمنٹ میں ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تقریر کی مگر انہوں نے بھی کوئی ایک جملہ نہیں کہا کہ ہم نے پاکستان کے 5 طیارے مار گرائے ہیں۔عرفان صدیقی نے کہا کہ جھوٹے شخص کا حافظہ نہیں ہوتا، شاید وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا جھوٹ سچ سمجھا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے دو دن سے پریس کانفرنس میں انتخابات میں نریندر مودی کی جیت پر سوال اٹھایا ہے۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ بھارتی انتخابات پر دھاندلی کے الزامات لگے ہیں۔ اس کا بھی مودی کے اوپر بہت بڑا دبا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ خارجی سطح پر بھی مودی حکومت کی رسوائی ہو رہی ہے، کسی ایک نے بھی پہلگام کے حوالے سے بھارتی موقف کو تسلیم نہیں کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی