i پاکستان

بلوچ لاپتہ افراد کی فیملیز کا احتجاج، اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو مظاہرین سے مذاکرات کر کے احتجاج ختم کرانے کی ہدایتتازترین

August 04, 2025

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو وفاقی دارالحکومت میں مظاہرہ کرنے والے افراد سے مذاکرات کر کے احتجاج ختم کرانے کی ہدایت کر دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلوچ لاپتہ افراد کی فیملیز کا نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاج ختم کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ایف سکس پٹرول پمپ انتظامیہ کی درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ ڈی سی صاحب مظاہرین سے مذاکرات کر کے بتائیں کہ یہاں نہیں بیٹھ سکتے، کیوں راستہ بلاک کیا ہوا ہے ان کا کاروبار ہے۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت نے کہا کہ بلوچ یوتھ کونسل والے احتجاج کر رہے ہیں۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ کیا احتجاج کی اجازت دی ہوئی ہے؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ اجازت نہیں ہے، ہم مظاہرین کو منتشر کرتے ہیں لیکن وہ پھر آ جاتے ہیںعدالت نے استفسار کیا کہ انتظامیہ کہاں ہے کیا کر رہی ہے؟

عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت دی کہ آپ سنجیدہ اقدامات لیں، جو آپ نے کیا یہ ناکافی ہے، آپ نے دوسرے فریق کی پراپرٹی کا تحفظ کرنا ہے۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ کس قانون کے تحت آپ دوسرے فریق کی پراپرٹی بلاک کر رہے ہیں؟ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ ہم انہیں احتجاج کیلئے متبادل جگہ دے سکتے ہیں، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ ڈی سی صاحب ان سے مذاکرات کریں کہ آپ یہاں نہیں بیٹھ سکتے، دو ہفتے بعد آئندہ سماعت پر بغیر کسی ناکامی کے رپورٹ جمع کرائیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی سے مکالمہ کیا کہ پندرہ دن کا کہا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ پندرہ دن بعد ہی واپس آئیں، اس پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ نہیں سر ہم فوری کریں گے۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہمارا کاروبار رکا ہوا ہے، جلد کارروائی کی ڈائریکشن دی جائے۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ ڈائریکشن دے دی ہے، یہ نہیں ہے کہ نوالہ آپ کے منہ میں دے دیا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی