خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ایف سی لائن پر حملے کو ناکام بنادیا گیا، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکاروں کے زخمی ہونے کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق بنوں میں کرم پل کے قریب ایف سی لائن پر فتنة الخوارج نے دستی بموں اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ایف سی لائن میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب لکی مروت میں بیگوخیل روڈ میلہ شہاب خیل کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا۔ دونوں پولیس اہلکار ڈیوٹی پر جانے کے لئے نکلے تھے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بیگوخیل روڈ میلہ شہاب خیل کے قریب دہشت گردوں نے حملہ کیا، شہید اہلکار سمیع اللہ اور اسد خان کے جسد خاکی گورنمنٹ سٹی اسپتال منتقل کردیئے گئے ہیں۔دونوں شہید اہلکار گاں بیگو خیل سے پولیس لائنز جا رہے تھے، افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی